193

محمد جاوید انور کی کتاب برگد کے ہندی ترجمے کا شاندار اجراء

پٹنہ ۔ پاکستان کےمشہور افسانہ نگار محمد جاوید انور کی کتاب “برگد” کے ہندی ترجمے کی رسم اجراء کی تقریب جن سوراج کے زیر اہتمام پٹنہ میں منعقد کی گئی جس میں بہار کی ہندی اردو ادب کی عظیم شخصیتیں موجود تھیں ۔”برگد ،،کا ہندی ترجمہ فکشن نگار اور شاعرہ صدف اقبال نے کیا ہے ۔ اس موقعے پر مشہور افسانہ نگار اور ناقد اویناش امن نے کلیدی خطبہ ادا کیا ان کے علاوہ پربھات سرسیج اور شہنشاہ عالم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ مختلف ادیبوں نے “برگد” کے ہندی ترجمے کی کافی ستائش کی اور کہا کہ محترمہ صدف اقبال نے جاوید انور کی اردو کتاب کا ترجمہ ہندی میں جس انداز سے کیا ہے اس سے ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے انکی کتاب کی روح کو ہندی میں منتقل کر دیا ہے ۔

مقررین نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان کے پڑوسی ملکوں میں موجودہ دور میں کس طرح کا ادب تخلیق ہو رہا اس سے ہم لوگوں کو روشناس ہونے کی ضرورت ہے ۔ اس سے ہمارے علم میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔ جس طرح پاکستان میں اردو ادب میں اچھی تخلیقیں ہو رہی ہیں اسی طرح پرانے پاکستان یعنی بنگلہ دیش میں بھی نئے دور میں جو ادب تخلیق ہو رہا ہے اس سے بھی ہم ہندوستانیوں کو معلومات حاصل کرنی چاہئے ۔ اس کا بہترین ذریعہ ہندی ترجمہ ہے ۔

وہاں موجود لوگوں نے مترجم محترمہ صدف اقبال کی ستائش کی اور انہیں اس اہم کام کے لئے مبارک باد دی اور کہا کہ اس طرح کے چیزوں کے ترجمے کا کام وہ جاری رکھیں تاکہ ہم لوگ اس سے استفادہ کر سکیں ۔

رسم اجراء کے بعد ایک شاندار مشاعرے کا بھی انعقاد کیا گیا ۔شیو نارائن ، دھرو گپتا،اویناش امن ،نسیم احمد نسیم، انیردھ سنہا ، سائشتہ شکیل حیدر ، طلعت پروین ،اسامہ خان کاظم علی ، نیلانشو رنجن ،وکاس ودروہی ،کمل کشور کمل ،معین گریڈہوی ، وغیرہ نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ۔ سامعئین کی خاصی تعداد پروگرام میں موجود تھی ۔

اس تحریر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کریں